بھٹکل:19؍اکتوبر(ایس اؤ نیوز)پاپولر فرنٹ آف انڈیا (پی ایف آئی )بھٹکل شاخ کی طرف سے صحت مند ملک اور صحت مند معاشرہ کی تعمیر کو لے کر منائی جارہی قومی صحت مہم کی مناسبت سے ’ مضبوط عوام مضبوط ملک ‘ کے عنوان پر عوامی بیداری پروگرام 19اکتوبر بروز سنیچر کی شام کو منعقد کیاگیا۔
پروگرام کی مناسبت سے پی ایف آئی کارکنان نے بی ایس این ایل ٹاور کے قریب نیشنل ہائی وے ریلی کا اہتمام کیا ۔ اس موقع پر پیدل چلتے ہوئے اور دوڑتے کسرت کرتے ہوئے اولڈ بس اسٹائنڈ سے مٹن مارکٹ روڈ سے گھوم کر جامع مسجد کے قریب واقع برنی میدان پہنچی، جہاں ریلی میں شریک نوجوانوں نے یوگا اور دیگر ورزش کا مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر کہا گیا کہ جب عوام مضبوط اور توانا رہیں گے تو ملک بھی مضبوط رہے گا ہم اپنی خود کی صحت کی اگر فکر نہیں کریں گے تو پھر ہم اپنے ملک کو بھی مضبوط نہیں بناسکیں گے۔ ہمیں اپنی صحت کا خیال رکھنا ہوگا۔ ذمہ داران نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ نشہ اور اس جیسی صحت کو خراب کرنے والی چیزوں سے باز رہیں۔ انہوں نے نوجوانوں سے کہا کہ اگر آپ کے سامنے کوئی ظلم ہورہا ہو اور ا ٓپ کو اُسے روکنا ہو تو آپ کے لئے ضروری ہے کہ آپ صحتمند اور توانا ہوں ، آپ کمزور رہیں گے تو پھر ظلم کو روکنا ممکن نہیں ہوگا۔ انہوں نے نوجوانوں کو اپنے دفاع کے لئے بھی اپنا جسم مضبوط اور توانا رکھنے کی طرف توجہ دلائی اور کہا کہ ہمارا دستور بھی ہمیں اس بات کی اجازت دیتا ہے کہ ہم اپنے خود کے دفاع کے لئے بھی اپنے آپ میں تیار رہیں اور اپنے جسم کو صحت مند اور توانا رکھیں۔انہوں نے نبی پاک ﷺ کے ارشاد کا بھی ایک حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ کمزور انسانوں کےمقابلے میں مضبوط ، صحت مند اور توانا انسان اللہ کو زیادہ محبوب ہے۔انہوں نے معاشرے کو صحت مند بنائے رکھنے کے لئے بھی اچھی صحت کا ہونا ضروری قرار دیا۔ برنی میدان سے ریلی دوبارہ شروع ہوئی اور بھٹکل اولڈ بس اسٹائنڈ پہنچ کر اختتام کو پہنچی۔
اس موقع پر پی ایف آئی کے کئی کارکن موجود تھے۔عبدالکریم، مقصود ، ظہیر شیخ وغیرہ پیش پیش تھے۔